داؤدی بوہره کمیونٹی کے آمر ہزاری ’’صفائی کے سفیر” بن گئے

کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) کے سوشل موبلائزیشن پروگرام کے تحت حال ہی میں شروع کی گئی عوامی آگاہی مہم ’’صفائی کے سفیر‘‘ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔
مہم میں عوامی مقبولیت کی حامل شخصیات رضاکارانہ بنیادوں پر ویسٹ مینجمنٹ کے فروغ اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے پیغام کو عام کرتے ہوئے مہم کی کامیابی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گی۔
داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی بین الاقوامی نظافت (Cleanliness & greenery) آرگنائزیشن کے رکن آمر ہزاری نے بھی رضاکارانہ طور پر اس مہم میں بطور صفائی کے سفیر شمولیت اختیار کرلی ہے۔
آمر ماحولیاتی تحفظ اور ویسٹ کمپوسٹنگ کے شعبے میں اپنی عملی خدمات کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ وہ کمیونٹی سطح پر نامیاتی کچرے کو کمپوسٹ میں تبدیل کرنے، ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ اور شہریوں میں صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی کاوشیں پائیدار ویسٹ مینجمنٹ اور ماحول دوست معاشرے کے قیام میں اہم سمجھی جاتی ہیں۔
آمر روزانہ صبح سویرے اپنے گھر اور قرب و جوار کی صفائی سے اپنے دن کا آغاز کرتے ہیں، سڑکوں اور اطراف میں بکھرے فلیکس بینرز دوبارہ استعمال میں لاکر پودوں کے گملے تیار کرتے ہیں، جبکہ کاغذی کچرے کو پیس کر کمپوسٹ میں شامل کرتے ہیں۔ مزید برآں وہ اپنے تئیں اگائے گئے پودوں کے ذریعے شہر کے مختلف آئلینڈز(Islands) اور محلوں میں شجرکاری کرتے ہوئے سرسبز ماحول کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر آمر ہزاری کا کہنا تھا کہ "صفائی کا سفیر بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ صاف ماحول صرف کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر ہر شہری اپنے حصے کی صفائی کو یقینی بنائے تو ہمارا شہر یقیناً صاف، سرسبز اور صحت مند بن سکتا ہے۔”
دوسری جانب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے آمر ہزاری کی نامزدگی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ داؤدی بوہرہ کمیونٹی سماجی خدمات، نظم و ضبط، صفائی اور فلاحی سرگرمیوں میں مثالی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی اجتماعی کوششیں شہری صفائی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ میں قابلِ تقلید ہیں اور آمر ہزاری کی شمولیت سے صفائی کے سفیر مہم مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عوامی شمولیت، سماجی آگاہی اور مشترکہ ذمہ داری کے تصور کو فروغ دے کر کراچی کو صاف اور صحت مند شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے، جس میں مختلف کمیونٹیز اور سماجی شخصیات کا کردار نہایت اہم ہے۔










