05:23 , 14 مئی 2026
Watch Live

شاہراہ بھٹو رواں ماہ کھول دی جائے گی، شرجیل انعام میمن

شرجیل انعام میمن

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ حکومت رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر کھولنے جا رہی ہے، جس سے کراچی کے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نمایاں ریلیف ملے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو کو موٹروے ایم نائن سے براہِ راست منسلک کیا جائے گا، جس سے شہر میں آمد و رفت مزید آسان ہو جائے گی اور ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک نئی سڑک کی تعمیر جاری ہے، جبکہ شہر بھر میں پلوں، انڈر پاسز اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام بڑے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔

ریڈ لائن منصوبہ 48 گھنٹوں میں دوبارہ شروع کرنے کی کوشش، شرجیل میمن

ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں تاخیر پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے اعتراف کیا کہ اس منصوبے کی وجہ سے حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق کنٹریکٹر کام مکمل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد منصوبہ نئے کنٹریکٹر کو دے دیا گیا۔ عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر انہوں نے معذرت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹس لگانے کا ارادہ رکھتی ہیں، جن سے شہر میں پانی کی قلت پر قابو پایا جا سکے گا۔ اگرچہ یہ منصوبہ مہنگا ہوگا، تاہم اسے شہر کی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے حالیہ کارروائی میں منشیات فروش خاتون کی گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اس ملزمہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ کی تمام سڑکیں اور شاہراہیں محفوظ ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ پولیس اور دیگر اداروں کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دوران صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بانی آصف علی زرداری ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ انہیں 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی علم نہیں اور ان کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION