08:36 , 9 نومبر 2025
Watch Live

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر پلے آف میں کوالیفائر کا ٹکٹ کٹوا لیا

اسلام آباد یونائیٹڈ
راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر نہ صرف زبردست فتح حاصل کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر حاصل کرتے ہوئے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر میں جگہ بھی بنالی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔

اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور ایلکس ہیلز نے 153 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کی۔ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ ہیلز نے صرف 35 گیندوں پر 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

اختتامی اوورز میں کپتان شاداب خان نے بھی 42 رنز (19 گیندوں پر) بنا کر اسکور کو مزید مستحکم کیا۔

251 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے شاندار آغاز کیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹِم سیفرٹ نے ابتدائی 5.2 اوورز میں 56 رنز جوڑے۔ سیفرٹ نے 26 رنز بنائے، جبکہ وارنر نے 43 رنز کی اننگزکھیلی۔

تاہم، مڈل آرڈر بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم جلد ہی دباؤ میں آگئی۔ ایک وقت پر کراچی کنگز کا اسکور 114 پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد شکست یقینی نظر آنے لگی۔

آخری لمحات میں عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی، مگر 18ویں اوور میں ان کی وکٹ گرنے کے بعد پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں 45 رنز دے کر حاصل کیں، جبکہ سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں صرف 28 رنز کے عوض حاصل کیں۔

میچ کا خلاصہ:

  • اسلام آباد یونائیٹڈ: 251/5 (ایلکس ہیلز 88، صاحبزادہ فرحان 73، شاداب خان 42)

  • کراچی کنگز: 172 آل آؤٹ (ڈیوڈ وارنر 43، عباس آفریدی 34؛ شاداب خان 4-45، سلمان ارشاد 3-28)

  • نتیجہ: اسلام آباد یونائیٹڈ 79 رنز سے کامیاب

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 252 رنز کا بڑا ہدف دیدیا

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION