وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ منظور کرلیا، آرمی چیف کے اختیارات میں اہم تبدیلیاں

وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے جسے باضابطہ طور پر سینیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اس ترمیم کے تحت مسلح افواج کے سربراہان کی تقرری اور آرٹیکل 243 میں اہم تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔
ترمیمی مسودے کے مطابق وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدرِ مملکت آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورس کا تقرر کریں گے۔
مزید برآں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 کو ختم کر دیا جائے گا۔
ترمیمی مسودے میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف، جو چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے، وزیرِاعظم کی مشاورت سے نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کے سربراہ کو تعینات کریں گے، اور اس عہدے پر پاکستانی فوج کا افسر فائز ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی
حکومت کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مسلح افواج کے افسران کو فیلڈ مارشل، مارشل آف دی ایئر فورس اور ایڈمرل آف دی فلیٹ کے اعزازی عہدوں پر ترقی دے سکے۔
دستاویز کے مطابق فیلڈ مارشل کا رینک اور مراعات تاحیات ہوں گی، یعنی فیلڈ مارشل اپنی زندگی بھر اسی عہدے پر فائز رہیں گے۔











