آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کو حیرت ہوئی، ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مئی میں ہونے والے آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن پاکستان کی عسکری صلاحیت اور مہارت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
انہوں نے یہ بات پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے کیڈٹس کی تربیت اور کارکردگی کو سراہا۔
ایئر چیف نے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششیں قابل تعریف ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے لیے کوششیں خصوصی طور پر قابلِ تحسین ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی: افواجِ پاکستان کے ترجمانوں کا مؤثر ردعمل سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تنازعات کا حل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتا ہے۔
ظہیر احمد بابر سدھو کے مطابق معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی کو پوری دنیا نے دیکھا اور تسلیم کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا بلکہ تاریخ میں ایک نمایاں باب رقم کیا۔
تقریب کے دوران ایئر چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔










