08:37 , 27 جولائی 2025
Watch Live

امریکی صدر کا دعویٰ: ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا ہے

امریکی صدر کا دعویٰ: ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا ہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا ہے اور اب اسرائیل پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات پر حملے مکمل کر لیے ہیں جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے تصدیق کی کہ ان حملوں میں بی 2 بمبار طیارے استعمال کیے گئے۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اب یا تو امن ہو گا یا ایران کے لیے ایک بڑا سانحہ، کیونکہ امریکی افواج کئی ایرانی اہداف کا پتہ لگا چکی ہیں جنہیں چند منٹوں میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے امن کی راہ نہ اپنائی تو مزید تیز اور سخت حملے کیے جائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران گزشتہ 40 سالوں سے "امریکہ مردہ باد” اور "اسرائیل مردہ باد” کے نعرے لگا رہا ہے، ہمارے لوگوں کو سڑک کنارے بم دھماکوں میں مار رہا ہے، ان کی کارروائیاں مشرق وسطیٰ میں امریکی جانی نقصان کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے طے کر لیا تھا کہ یہ سب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم ورک کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے امریکی فوج کو بھی اس "تاریخی کامیابی” پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فردو جوہری سائٹ پر حملے کے دوران 6 بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے جبکہ دیگر ایرانی تنصیبات پر حملوں میں 30 ٹو ماہاک میزائل فائر کیے گئے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION