11:28 , 11 نومبر 2025
Watch Live

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی کراچی میں اہم ملاقات آج متوقع

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی کراچی میں اہم ملاقات آج متوقع

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کے درمیان آج (اتوار) کراچی میں ایک اہم ملاقات متوقع ہے جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، ترقیاتی اسکیموں اور کراچی کے دیگر اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کی قیادت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کی جائیں گی، جن میں سندھ کے شہری علاقوں خصوصاً کراچی کے لیے ترقیاتی منصوبے، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، پانی کی فراہمی اور خصوصی مالیاتی پیکج شامل ہوں گے۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایک روز قبل ایم کیو ایم کی سینئر رہنما نسرین جلیل نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے کی درخواست کی تھی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ مشاورت نہ صرف آئندہ بجٹ پر اثر انداز ہو سکتی ہے بلکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور اتفاق رائے کو بھی فروغ دے گی، خاص طور پر کراچی جیسے بڑے شہری مرکز کی ترقی کے حوالے سے۔

ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION