05:33 , 8 نومبر 2025
Watch Live

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی

سلمان خان

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے، جس میں انہیں اور ان کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی بات کی گئی ہے۔ یہ پیغام ممبئی کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے آفیشل واٹس ایپ نمبر پر نامعلوم شخص کی جانب سے بھیجا گیا۔

ذرائع کے مطابق، موصول ہونے والے پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا جائے گا اور انہیں ان کے گھر میں ہی جان سے مار دیا جائے گا۔ یہ پیغام ورلی میں قائم محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفتر کے آفیشل نمبر پر موصول ہوا، جس نے فوری طور پر سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا۔

واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے ورلی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پیغام بھیجنے والے کی شناخت اور لوکیشن معلوم کرنے کے لیے ڈیجیٹل فارنزک اور سائبر کرائم یونٹ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

سلمان خان کی سکیورٹی پہلے ہی سخت کی جا چکی ہے، تاہم اس نئی دھمکی کے بعد سکیورٹی مزید بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اداکار کو ماضی میں بھی گینگسٹر لارنس بشنوئی گروپ کی جانب سے دھمکیاں دی جا چکی ہیں، جس کے بعد انہیں ’وائے پلس‘ سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION