05:08 , 28 جولائی 2025
Watch Live

زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز فوری بلاک کرنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام موبائل سمز کو فوری طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔

اس فیصلے کا اطلاق پہلے مرحلے میں ان شناختی کارڈز پر ہوگا جو 2017 یا اس سے قبل منسوخ ہو چکے ہیں، جبکہ اگلے مراحل میں دیگر غیر فعال شناختی کارڈز پر بھی یہی پالیسی لاگو کی جائے گی۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نادرا ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں انہوں نے نادرا کے نئے 10 منزلہ میگا سینٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جو جون 2026 تک مکمل ہوگا۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کے مطابق پی ٹی اے کے تعاون سے وہ تمام سمز بھی بلاک کی جا رہی ہیں جو وفات یافتہ یا میعاد ختم شدہ شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔

اجلاس میں ملک بھر میں فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے نفاذ کو 31 دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی، تاکہ شناختی عمل کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔ اس ٹیکنالوجی سے ان افراد کی بھی مدد کی جا سکے گی جنہیں فنگر پرنٹس کے ذریعے تصدیق میں مشکلات ہوتی ہیں۔

وزارت داخلہ نے تمام اداروں کو شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات کی علیحدہ اسٹوریج ختم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ حساس ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نادرا سروسز بہتر بنانے کے لیے جامع جائزہ لیا جائے گا۔ نادرا دفاتر کے قیام کی منظوری ملتان، سکھر اور گوادر میں دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION