11:55 , 27 جولائی 2025
Watch Live

عدنان سمیع نے بھارتی شہریت لینے کی اصل وجہ بتا دی

ممبئی: پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع خان نے تقریباً ایک دہائی بعد انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی شہریت کیسے ملی اور پاکستان سے ناطہ کیوں توڑا۔

بھارتی ٹی وی شو "آپ کی عدالت” میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان سمیع نے بتایا کہ ان کا پاکستانی پاسپورٹ 2005 میں ختم ہو گیا تھا اور نئی دستاویزات کے لیے انہوں نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رجوع کیا، لیکن انہیں نیا پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا۔

ان کے مطابق اس وقت کے صدر پرویز مشرف کو غلط اطلاع دی گئی کہ عدنان سمیع نے بھارتی شہریت حاصل کر لی ہے، جس پر صدر نے ان کے والد کو خط لکھ کر افسوس کا اظہار کیا۔ بعد ازاں حکومتی رویے میں سختی آ گئی اور ایک اعلیٰ پاکستانی افسر نے انہیں خبردار کیا کہ وہ پاکستان نہ آئیں۔

عدنان سمیع نے بتایا کہ ان حالات میں انہوں نے بھارتی وزارت داخلہ سے رجوع کیا اور ویزا میں توسیع کے ساتھ شہریت کی درخواست بھی دی، جو ابتدائی طور پر دو بار مسترد ہوئی، تاہم 2015 میں انہیں بھارتی شہریت دے دی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں "انڈین سٹیزن شپ ایکٹ 1995” کے تحت فن موسیقی میں نمایاں خدمات پر شہریت دی گئی۔

عدنان سمیع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں کبھی ان کی فنکارانہ خدمات کی قدر نہیں کی گئی، نہ کوئی سرکاری ایوارڈ ملا، جبکہ بھارت میں انہیں نہ صرف عزت ملی بلکہ جلد ہی سرکاری اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریت کے بدلے کوئی مالی فائدہ نہیں لیا بلکہ پاکستان میں کروڑوں روپے کی جائیداد چھوڑ کر بھارت میں نئی زندگی شروع کی۔

گلوکار نے پروگرام میں کئی مواقع پر پاکستانی حکومت، نظام اور فنکاروں سے برتاؤ پر تنقید کی، جبکہ عوام کی محبت کا اعتراف ضرور کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION