06:38 , 27 جولائی 2025
Watch Live

عید الاضحیٰ سے قبل پنجاب میں سیکورٹی کے سخت انتظامات

سخت انتظامات

عید الاضحیٰ کے موقع پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب محکمہ داخلہ نے مکمل حفاظتی اقدامات جاری کر دیے ہیں۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ عید پر امن اور محفوظ ماحول قائم کیا جا سکے۔

اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔ تمام اضلاع میں خصوصی سیکورٹی پلان تیار کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کو موثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس اور انتظامیہ کو میدان میں فعال رہ کر امن و امان کی حفاظت کرنی ہوگی۔ صوبے کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی۔ ڈویژنل اور ضلعی انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنرز کو ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ مویشی منڈیاں شہر سے باہر منظور شدہ مقامات پر قائم کی جائیں گی اور ان میں سیکورٹی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ مقررہ جگہوں کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی فروخت منع ہوگی۔

صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے، جبکہ کسی کالعدم تنظیم کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی۔

نماز عید کے تمام اجتماعات میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ عیدگاہوں، مساجد اور مدارس میں اضافی حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے، اور سی سی ٹی وی کیمرے و واک تھرو گیٹس نصب کر کے ہر شخص کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔ عید اجتماعات کے دوران پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشنز) ایکٹ 2015 کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا۔

اہم مقامات کے گرد سرچ آپریشنز حساس اداروں کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔ عیدگاہوں کے قریب پارکنگ اور شہر میں ٹریفک کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے منصوبے بنائے جائیں گے۔

ہسپتالوں میں ضروری عملہ اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 ہائی الرٹ پر رہیں گے۔

ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کمیٹیوں کے اجلاس بلائے جائیں گے۔ فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

صوبے بھر میں اسلحہ نمائش پر پابندی سخت کر دی گئی ہے اور فورث شیڈولرز کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے گی۔ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کر کے انہیں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے گا۔

نوجوانوں کو خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ سے روکنے کے لیے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔ عوامی تفریحی مقامات، عید بازاروں اور فوڈ آؤٹ لیٹس پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

پنجاب کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید سے قبل تمام انتظامات مکمل کریں تاکہ شہریوں کو ایک پر امن اور محفوظ عید مل سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION