08:51 , 24 اکتوبر 2025
Watch Live

مریم نواز کا فیصلہ، سڑکوں اور صحت کے منصوبوں کی تکمیل 30 جون تک

مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور صحت کے منصوبوں کو مالی سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبہ بھر میں جاری سڑکوں اور ہیلتھ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف نے وزیراعلیٰ کو ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام کے تحت 462 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی تھی، جن میں سے 455 پر کام شروع ہو چکا ہے، اور اس پروگرام کے تحت 25 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ روڈ بحالی پروگرام فیز ٹو کے تحت 72 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 67 پر کام جاری ہے، اور اس منصوبے کا 24 فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔

صوبائی سیکرٹری مواصلات نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب بھر میں 1236 بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جن میں سے 54 مراکز کی تعمیر و بحالی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ باقی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام صحت کے منصوبوں کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 30 جون تک مکمل کیا جائے، اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پی اینڈ ڈی کو اضافی وسائل پیدا کرنے کا بھی ہدف دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "پنجاب بھر میں رابطہ سڑکوں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے، اور کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔ نئے ہیلتھ کلینک بننے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو بہترین صحت کی سہولتیں میسر ہوں گی، اور پہلی بار دیہات کے عوام کو شہروں کے اعلیٰ پرائیویٹ کلینکس کا ماحول فراہم ہوگا۔”

مریم نواز نے نو تعمیر شدہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کا خود معائنہ اور افتتاح کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کا فائدہ پہنچ سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION