اداکارہ نائمہ خان کی دردناک روداد: “بیٹی سرجری کے دوران دنیا سے چلی گئی”

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نائمہ خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنی بیٹی کی موت سے جڑے دل خراش واقعات بیان کرتے ہوئے سب کو غمگین کر دیا۔ اداکارہ کے مطابق ان کی بیٹی صرف ساڑھے پانچ سال کی تھی اور پہلی جماعت کی طالبہ تھی جب اس کی طبیعت بگڑنے پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔
نائمہ خان نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے بیٹی کی آنتوں میں اُبھار کی تشخیص کی اور فوری سرجری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اپنی بچی کے شدید درد کو دیکھتے ہوئے آپریشن کی منظوری دی، مگر قسمت نے اجازت نہ دی اور سرجری کے دوران ہی بیٹی کا انتقال ہوگیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ بیٹی کی موت کے بعد معاشرے نے انہیں ہی الزام کا نشانہ بنایا، جبکہ وہ خود بھی اکثر یہ سوچتی تھیں کہ اگر سرجری نہ کرواتیں تو شاید بیٹی آج زندہ ہوتی۔ اس افسوسناک سوچ نے انہیں طویل عرصہ تک ذہنی کرب میں رکھا۔
یہ بھی پڑھیں : سینیئر اداکارہ سیمی راحیل نے ایوارڈ شوز کو جعلی قرار دے دیا
نائمہ خان نے بتایا کہ دوسری بیٹی کی پیدائش کے وقت وہ بے ہوش تھیں، اسی دوران انہوں نے خواب میں اپنی پہلی بیٹی کو دیکھا جو ان سے کہہ رہی تھی کہ وہ واپس آگئی ہے۔
بعد ازاں انہوں نے ایک اور خواب دیکھا جس میں وہ بیٹی کی قبر کے پاس دوسری بیٹی کو گود میں لیے بیٹھی تھیں، جبکہ پہلی بیٹی قریب کھڑی یہی الفاظ دہرا رہی تھی کہ وہ ان کے پاس لوٹ آئی ہے۔ ان خوابوں کے بعد ان کے دل کو سکون ملا۔
پروگرام میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ آنتوں میں بننے والا چھوٹا سا نرم اُبھار عام طور پر کینسر نہیں ہوتا، لیکن اگر بروقت علاج نہ کیا جائے یا وہ خراب ہو جائے تو سنگین مسئلہ بن سکتا ہے۔












