02:27 , 28 جولائی 2025
Watch Live

ملک بھر میں بارش اور سیلاب کا الرٹ جاری، این ڈی ایم اے کی وارننگ

ملک بھر میں بارش اور سیلاب کا الرٹ جاری، این ڈی ایم اے کی وارننگ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں متوقع شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور گلیشیئر پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کُمراٹ ویلی میں گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ خطے میں غیرمعمولی گرمی اور شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان، عوامی آمد و رفت میں مشکلات اور مقامی تھنڈر اسٹورمز کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں تیز برف اور گلیشیئر پگھلنے کے ساتھ ساتھ بارشوں نے بلند و بالا وادیوں اور آس پاس کے علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے، جو دریاؤں کی سطح بلند ہونے، اچانک سیلاب اور ٹرانسپورٹ و بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

آزاد کشمیر میں مسلسل بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں سیلاب، ٹریفک میں خلل اور نکاسیٔ آب کے نظام پر بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بلند و بالا علاقوں جیسے مری، گلیات اور وسطی پنجاب میں بھی موسلا دھار بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے اربن فلڈنگ، بجلی کی بندش، کمزور عمارات کو نقصان اور گرد و بارش کے طوفانوں کے دوران حد نگاہ میں کمی کے باعث ٹریفک میں خلل آ سکتا ہے۔ اسلام آباد میں بھی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مشابہ موسمی حالات متوقع ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مقامی بارش، تیز ہوائیں اور طوفانوں کا خدشہ ہے، جو کمزور انفرا اسٹرکچر کو متاثر، حد نگاہ کو کم اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا باعث بن سکتے ہیں۔

سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، تھرپارکر، بدین، عمر کوٹ اور جیکب آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس سے شہری سیلاب، ٹریفک کی روانی میں مشکلات، بجلی کی لائنوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION