اداکار ساجد شاہ کا انکشاف: طلاق کے بعد بیٹے کی اکیلے پرورش کی

لاہور – سینئر اداکار ساجد شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد انہوں نے اپنے 6 سالہ بیٹے کی اکیلے پرورش کی اور اس ذمے داری کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیا۔
اداکار نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی زندگی میں کوئی اچھا کام ہوا ہے تو وہ بیٹے کی پرورش ہے، کیونکہ اللہ نے انہیں یہ موقع دے کر ان پر بڑا کرم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹے کی والدہ سے علیحدگی کے وقت ان کا بیٹا پانچ سے چھ سال کا تھا۔ اُس وقت جب بیٹے کی ذمے داری ان پر آئی تو وہ پریشان ہونے کے بجائے خوش ہوئے کہ اللہ نے انہیں اس قابل سمجھا۔
ساجد شاہ نے کہا کہ ابتدا میں وہ بیٹے کو شوٹنگ پر ساتھ لے جاتے تھے لیکن جلد ہی اندازہ ہوا کہ یہ اس کے لیے مناسب نہیں ہے۔ بعدازاں انہوں نے بیٹے کو گھر پر چھوڑنا شروع کیا اور اسے خود مختار بنانے پر زور دیا۔
ان کے مطابق، بیٹے نے کم عمری میں ہی کھانا پکانا اور کپڑے استری کرنا سیکھ لیا تھا، اور پانچویں جماعت میں وہ نوڈلز اور آملیٹ تک بنا لیتا تھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ انہوں نے بیٹے کے ساتھ روایتی والد کا رویہ اپنانے کے بجائے دوستانہ تعلق قائم کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر باپ اور بیٹا ایک دوسرے کے دوست نہ بن سکیں تو پھر کوئی بھی نہیں بن سکتا۔
















