اداکارہ میرا سیٹھی نے دو برس بعد طلاق کی تصدیق کر دی

اداکارہ، مصنفہ اور ڈرامہ نگار میرا سیٹھی نے پہلی بار کھل کر اپنی ازدواجی زندگی کے اختتام پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی طلاق مارچ 2023 میں ہوئی تھی۔ اس وقت وہ ڈرامہ سیریل اَن کہی کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور ذاتی طور پر ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میرا سیٹھی نے کہا کہ شادی کے اختتام کے بعد پیدا ہونے والا دکھ اور شناخت کا بحران اپنی جگہ ایک بڑی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی برس قبل انہوں نے ایک ڈرامے میں مکالمہ بولا تھا کہ ’’طلاق یافتہ عورت معاشرے کے لیے کانٹا بن جاتی ہے‘‘، یہ جملہ آج بھی ان کے دل میں تازہ ہے۔ تاہم ان کے مطابق حالات بدل رہے ہیں اور آج انڈسٹری میں کئی خواتین اس موضوع پر کھل کر بات کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ پچھلے ڈھائی سال سے وہ اپنی ذات کے اندر جھانکنے اور خود کو سمجھنے کے عمل سے گزر رہی ہیں، جو ان کے لیے ایک مثبت اور لازمی تجربہ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ ہونے کی حیثیت سے یہ سفر اور بھی کٹھن تھا کیونکہ ان کی زندگی اکثر پردے پر دوسروں کے سامنے آتی ہے۔
میرا سیٹھی نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے بھرپور ساتھ دیا، جبکہ بعض اجنبیوں کی غیر متوقع مدد بھی ان کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ طلاق انسانی نفسیات اور شناخت پر گہرے اثرات ڈالتی ہے اور اس صدمے کو سہنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، تاہم اس نے انہیں اپنے اندر کی دنیا کو سمجھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔
یاد رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں اپنے قریبی دوست بلال صدیقی سے امریکا میں شادی کی تھی جبکہ ان کی منگنی 2018 میں انجام پائی تھی۔
















