بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ ممبئی میں ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے۔ یہ واقعہ پیر کی شام جوہو کے قریب اس وقت پیش آیا جب وہ ائیرپورٹ سے گھر واپس جا رہے تھے، تاہم خوش قسمتی سے اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام افراد محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ بیرون ملک سے واپسی پر اپنے سکیورٹی قافلے کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ اچانک سڑک پر ایک غیر متوقع صورتحال پیدا ہوئی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا اور کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق ایک تیز رفتار مرسڈیز گاڑی نے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماری، جس کے بعد آٹو بے قابو ہو کر پہلے سکیورٹی گاڑی اور پھر اداکار جوڑے کی کار سے جا ٹکرایا۔ حادثہ دیکھ کر موقع پر موجود افراد خوفزدہ ہو گئے۔
مزید پڑھیں: اطالوی ڈیزائنر ویلینٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کچھ لمحوں کے لیے افراتفری مچ گئی۔ آٹو ڈرائیور اور اس کی سواری گاڑی کے نیچے دب گئے تھے، تاہم اکشے کمار اور ان کے عملے نے فوری مدد فراہم کی اور دونوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی شادی کی پچیسویں سالگرہ منانے کے لیے بیرون ملک گئے تھے اور واپسی پر اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ حادثہ پیش آیا، جو خوش قسمتی سے بغیر کسی بڑے نقصان کے ختم ہوا۔












