بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ نے اپنے متنازع گانے پر عوامی ردعمل کے بعد معافی مانگ لی ہے۔ گلوکار نے کہا کہ ان کے نئے ہریانوی گانے کے باعث کچھ لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے، جس کے بعد بادشاہ متنازع گانے پر معافی کا معاملہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بادشاہ نے ہریانوی زبان میں گانا ’ٹٹیری‘ ریلیز کیا تھا۔ گانے کے بول اور اس کی فلم بندی پر ہریانہ کے شہر پنچکولہ کے بعض رہائشیوں نے اعتراض کیا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا۔
سخت عوامی ردعمل سامنے آنے کے بعد گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ان کے نئے گانے کی وجہ سے خاص طور پر ہریانہ کے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی گلوکار بادشاہ کے خلاف “تاتیری” میوزک ویڈیو پر مقدمہ درج
بادشاہ نے کہا کہ وہ خود ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیشہ اپنی ثقافت اور زبان کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی کسی بچے یا خاتون کے بارے میں غیر مناسب بات نہیں کرنا چاہتے۔
گلوکار نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں بتایا کہ وہ اس گانے کو تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا رہے ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے امید ظاہر کی کہ لوگ انہیں ہریانہ کا بیٹا سمجھ کر معاف کریں گے، جبکہ بادشاہ متنازع گانے پر معافی کا معاملہ اب بھی زیرِ بحث ہے۔












