بیلا حدید بیماری میں مبتلا، ہسپتال سے تصاویر وائرل

نیویارک — معروف امریکی ماڈل بیلا حدید نے انسٹاگرام پر اپنی حالیہ ہسپتال کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلا حدید کافی عرصے سے لائم بیماری (Lyme Disease) میں مبتلا ہیں اور اسی وجہ سے وہ متعدد بار علاج کے لیے ہسپتال داخل ہو چکی ہیں۔
ان کے حالیہ سوشل میڈیا پوسٹس میں وہ مختلف حالتوں میں دکھائی دیں — کہیں سر پر پٹی بندھی ہوئی تھی، کہیں ہاتھ میں آئی وی ڈرپ لگی تھی، تو کبھی برف کا پیک ماتھے پر رکھا ہوا نظر آیا۔ دیگر تصاویر میں وہ ہسپتال کے کمرے میں آرام کرتے ہوئے، اہل خانہ کے ساتھ تاش کھیلتے اور پیزا کھاتے دکھائی دیں۔ ایک اور تصویر میں وہ کافی کا کپ ہاتھ میں لیے لفٹ میں بیٹھی نظر آئیں۔
بیلا حدید نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں سے مخاطب ہو کر کہا: “سوری میں اکثر غائب ہو جاتی ہوں، میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں۔”
ان کی یہ تصاویر وائرل ہوتے ہی مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں بھیجیں۔
بیلا کی بہن اور سپر ماڈل جی جی حدید نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے اپنی محبت اور حوصلہ افزائی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا: “آئی لَو یو! تم جلد بہتر ہو جاؤ، جیسا کہ تمہارا حق ہے۔”


















