12:14 , 3 اپریل 2026
Watch Live

قومی اتحاد پر زور، وزیراعظم کا معاشی چیلنجز سے نمٹنے کا عزم

شہباز شریف قومی اتحاد بیان

خطے میں بڑھتی کشیدگی اور معاشی دباؤ کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور مشترکہ قربانی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگی صورتحال پاکستان کے لیے سنگین معاشی چیلنجز پیدا کر رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر سرگرم ہے۔ اس سلسلے میں اسحاق ڈار مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہے ہیں اور حالیہ دورہ چین بھی اسی کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور جلد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

پاکستان بھی ایران جنگ سے متاثر، معاشی مشکلات کا سامنا ہے: وزیراعظم

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پہلے ہی 129 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر چکی ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت کابینہ ارکان نے دو ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں 60 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) سے 100 ارب روپے کم کر کے عوامی ریلیف کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے صوبوں سے بھی اپیل کی کہ غیر ضروری منصوبے روک کر قومی سطح پر کفایت شعاری مہم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سہارا دینا ضروری ہے تاکہ گندم کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔

آخر میں وزیراعظم نے قومی قیادت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحد ہو کر ان چیلنجز پر قابو پا لے گا اور خطے میں جلد امن قائم ہوگا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION