کراچی پورٹ پر فیری ٹرمینل کا افتتاح، چاہ بہار کے لیے پہلی فیری 20 جنوری سے روانہ ہوگی

کراچی: کراچی پورٹ کے ایسٹ ہارف پر ملک کے پہلے فیری ٹرمینل کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جبکہ ایرانی بندرگاہ چاہ بہار کے لیے پہلی فیری سروس 20 جنوری سے شروع کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فیری ٹرمینل اور سروس پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیری ٹرمینل سہولیات کے لحاظ سے کسی بھی ایئرپورٹ سے کم نہیں، جہاں مسافروں کے لیے امیگریشن، کسٹم اور روانگی کے تمام مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ چین سے چار آپریٹرز نے بھی فیری سروس چلانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خواہش ہے کہ بلیو اکانومی کو مضبوط بنایا جائے اور سمندری وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
کراچی پورٹ سے ماحول دوست میرین فیول کی پہلی بڑے پیمانے پر پیداوار اور ترسیل کا آغاز
اس موقع پر فیری آپریٹر نے بتایا کہ کراچی سے چاہ بہار تک فیری کا کرایہ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ شام پانچ بجے روانہ ہونے والی فیری 16 گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرے گی اور یہ سروس ہفتے میں دو مرتبہ چلائی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے طویل ساحلی علاقے کے باوجود سمندری تفریحی سہولیات محدود ہیں، تاہم اس فیری سروس کے آغاز سے سمندری سیاحت اور علاقائی روابط کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔














