سابق مس انڈیا سلینا جیٹلی نے شوہر سے طلاق اور تشدد کی داستان کھل کر بیان کر دی

سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ اداکارہ سلینا جیٹلی نے پہلی بار اپنی شادی کی مشکلات اور شوہر سے علیحدگی کی تکلیف دہ کہانی کھل کر بیان کی ہے۔
اداکارہ کے مطابق، شادی کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شوہر کی جانب سے طلاق کے کاغذات تھما دیے گئے، اور اس دوران جسمانی و ذہنی تشدد، بچوں سے جدائی، اور اثاثوں پر قبضے کے الزامات عائد کیے گئے۔
سلینا نے بتایا کہ وہ 2011 میں آسٹریا کے بزنس مین پیٹر ہیگ سے شادی کے بعد بیرون ملک منتقل ہو گئیں، جہاں مداحوں کو لگا کہ وہ پرسکون گھریلو زندگی گزار رہی ہیں، لیکن حقیقت کچھ اور تھی۔ اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدہ ہو چکی ہیں اور برسوں تک تشدد کا شکار رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 11 اکتوبر 2025 کو رات تقریباً ایک بجے وہ پڑوسیوں کی مدد سے آسٹریا سے بھارت واپس آئیں، مگر بہت کم رقم کے ساتھ آنے کے باعث اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑنا پڑا۔ جوائنٹ کسٹڈی کے عدالتی حکم کے باوجود انہیں بچوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بھارت واپس آنے کے بعد سلینا کو اپنے گھر میں داخل ہونے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑا کیونکہ ان کے شوہر نے ملکیت پر قبضہ کر رکھا تھا، اور طویل قانونی لڑائیوں کی وجہ سے انہیں بھاری قرضے لینے پڑے۔
اداکارہ نے بتایا کہ علیحدگی کے دوران انہیں شادی سے پہلے کی جائیداد سے دستبرداری اور ایسی شرائط قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو ایک عورت اور ماں کے طور پر ان کی آزادی اور وقار کے خلاف تھیں۔
مزید برآں، ان کے بھائی اس وقت متحدہ عرب امارات کی جیل میں ہیں اور سلینا ان کے لیے قانونی مدد فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں نو انٹری، جانشین، ٹام، ڈک اینڈ ہیری اور تھینک یو شامل ہیں۔











