‘بہتر ازدواجی زندگی اور بچوں کی خاطر اداکاری چھوڑی’

اداکارہ اور ٹی وی میزبان فرح حسین نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی بہتر بنانے اور بچوں کی پرورش کے لیے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی۔
فرح حسین نے مزاحیہ پروگرام میں اپنے کیریئر کے تجربات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا لیکن جلد ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر مارننگ شو کی میزبانی شروع کر دی۔ اس وقت نجی چینلز پر مارننگ شوز کا رواج نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کم عمری کی وجہ سے انہیں کئی بار شو کی میزبانی کے لیے مسترد کیا گیا، لیکن آخرکار انہیں موقع ملا اور ان کا شو جلد ہی مقبول ہو گیا۔
زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرح نے کہا، "زندگی خدا کی جانب سے سب سے خوبصورت تحفہ ہے، ہر لمحے اور ہر دن کو قیمتی سمجھ کر گزارنا چاہیے۔” انہوں نے اپنی سنجیدہ طبیعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دوسروں کے درد کا احساس ہوتا ہے۔
محبت کے حوالے سے فرح نے کہا کہ انہوں نے کبھی یک طرفہ محبت نہیں کی اور اس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہ بے وقوفی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبت زندگی میں کئی بار ہو سکتی ہے، لیکن ایک وقت میں دل ایک ہی شخص کے لیے ہوتا ہے۔
فرح نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ شادی کے فیصلے والدین کی رضامندی کے بغیر نہ کریں، اور لڑکوں کو بھی والدین کی اجازت سے ہی شادی کرنی چاہیے۔ انہوں نے والدین کو زندگی کی بڑی نعمت قرار دیا۔
اداکاری چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فرح نے کہا کہ اداکاری میں پورا دن سیٹ پر گزارنا پڑتا ہے، اس لیے انہوں نے بہتر ازدواجی زندگی اور بچوں کی پرورش کے لیے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی۔
















