کنگ خان اب بن گئے بلینیئر خان، نئی رپورٹ

شاہ رخ خان اب صرف "کنگ خان” نہیں بلکہ "بلینیئر خان” بھی بن گئے ہیں۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی دولت اب 1.4 ارب ڈالر (تقریباً 12,490 کروڑ روپے) ہو چکی ہے، جس کے بعد وہ دنیا کے امیر ترین انٹرٹینرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
یہ دعویٰ ایم تھری ایم ہورن انڈیا رچ لسٹ 2025 میں کیا گیا ہے، جہاں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کی دولت نے بین الاقوامی ستاروں جیسے ٹیلر سوئفٹ، آرنلڈ شوارزنیگر، جیری سائن فیلڈ اور سلینا گومز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
شاہ رخ کی یہ کامیابی ان کی فلم پروڈکشن کمپنی "ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ”، کامیاب فلموں، اور آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے باعث ممکن ہوئی ہے، جو بھارت کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی ٹیموں میں سے ایک ہے۔
شاہ رخ خان کے پاس ممبئی کا مشہور گھر "منت” ہے، جب کہ لندن، دبئی، بیورلی ہلز اور علی باغ میں بھی ان کی جائیدادیں ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس مہنگی گاڑیاں اور عالمی معیار کا VFX اسٹوڈیو بھی موجود ہے۔
تاہم، بھارتی میڈیا کے اس دعوے پر ابھی تک شاہ رخ خان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں آیا، اور نہ ہی کسی عالمی مالیاتی ادارے نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے رپورٹس میں ان کی دولت تقریباً 876.5 ملین ڈالر بتائی گئی تھی۔
















