لبنانی نژاد امریکی انفلوئنسر جیسیکا طویل 10 سال بعد روبوٹ کی مدد سے چلنے لگیں

خطرناک حادثے کے بعد معذوری کا شکار ہونے والی لبنانی نژاد امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسر جیسیکا طویل 10 سال بعد روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے کے قابل ہوگئیں۔
جیسیکا طویل 2015 میں صرف 16 سال کی تھیں جب ایک کار حادثے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر ہوئی، جس کے باعث وہ چلنے اور کھڑے ہونے کی صلاحیت سے محروم ہوگئیں۔
تقریباً ایک دہائی تک وہیل چیئر پر زندگی گزارنے کے بعد جیسیکا نے جدید روبوٹک ایکسو اسکلیٹن ڈیوائس کی مدد سے دوبارہ کھڑا ہونا اور چلنا شروع کیا۔ انہوں نے اپنے اس تاریخی لمحے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں ابتدا میں وہ خوفزدہ نظر آئیں، مگر چند قدم چلنے کے بعد ان کے چہرے پر خوشی اور اطمینان نمایاں ہوگیا۔ دنیا بھر کے صارفین نے ان کے حوصلے کو سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جیسیکا سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے چیلنجز، خود مختاری، اور جسمانی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کرتی ہیں۔ ان کے ٹک ٹاک پر 13 لاکھ اور انسٹاگرام پر 9 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
انہوں نے فیرلی ڈکسن یونیورسٹی سے بائیولوجی میں ڈگری حاصل کی ہے جبکہ کیمسٹری اور عربی میں بھی تعلیم یافتہ ہیں۔ جیسیکا کا حوصلہ اور عزم دنیا بھر میں لاکھوں معذور افراد کے لیے امید کی علامت بن گیا ہے۔
















