اسلام آباد – فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کرتے ہوئے آن لائن آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس نافذ کردیا ہے۔ اس قانون کے تحت اب تمام ڈیجیٹل آرڈرز پر سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم ہوگی۔ حکومت کا یہ اقدام آن لائن کاروبار کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر سروسز اور ادائیگی ایجنٹس سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے۔ یہ قانون کیش آن ڈیلیوری پر بھی لاگو ہوگا۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز میں نیا باب شامل کیا ہے تاکہ اس نظام کو واضح اور مؤثر بنایا جا سکے۔
ایف بی آر نے دو نئے فارمز ایس ٹی آر 34 اور ایس ٹی آر 36 متعارف کروائے ہیں۔ آن لائن مارکیٹ پلیس کو ہر ماہ ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے سپلائرز کے آرڈرز کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ اگر پلیٹ فارم کوریئر سروس بھی فراہم کرتا ہے تو ایس ٹی آر 36 فارم بھی لازمی ہوگا۔
کوریئر کمپنیاں بھی اب سیلز ٹیکس کاٹنے اور ایف بی آر کو جمع کروانے کی پابند ہوں گی۔ انہیں ہر ماہ کی 10 تاریخ تک ایس ٹی آر 36 فارم جمع کروانا ہوگا۔ ادائیگی ایجنٹس کو بھی کٹوتی شدہ ٹیکس ایف بی آر میں جمع کروانا ہوگا، اور اس کی باقاعدہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق کوریئرز اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈرز کو سیلز ٹیکس کٹوتی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہوگا۔ اس سرٹیفکیٹ میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل اور کٹوتی شدہ ٹیکس کی مقدار درج ہوگی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آن لائن کاروبار پر شفاف ٹیکس نظام کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔