02:40 , 30 اگست 2025
Watch Live

اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، چیئرمین او آئی سی کا دوٹوک اعلان

ریاض: چیئرمین او آئی سی اور ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا اور فلسطین کے مسئلے کے حل کیلئے اسرائیل پر مربوط دباؤ ڈالنا ناگزیر ہے۔

یہ بیان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں خصوصی اجلاس کے دوران دیا گیا، جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت حقان فیدان نے کی، جبکہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔

چیئرمین او آئی سی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے غزہ کو تباہی اور قحط کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ فلسطینی عوام کو اجتماعی اور فوری حمایت کی ضرورت ہے۔ او آئی سی رکن ممالک مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔ دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کا مستقل حل ہے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گریٹر اسرائیل وژن خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ فلسطینی عوام نسل کشی کا شکار ہیں۔ عالمی برادری غزہ کا محاصرہ ختم کرے اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اونروا اور یو این اداروں کی حمایت کی جائے۔

اجلاس میں فلسطینی نمائندے نے کہا کہ غزہ پر قحط مسلط کر دیا گیا ہے۔ فلسطینی عوام کو یقین ہے کہ امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION