وزیراعظم شہباز شریف نے باکو کے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے، جو اس ملاقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ملاقات میں توانائی، دفاع، روابط اور تجارت کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو عملی اقدامات کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کے فوائد حاصل ہوں۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے کابینہ اجلاس طلب
صدر الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی دورۂ پاکستان کی دعوت کو بھی قبول کرلیا۔ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا کہ آنے والے مہینوں میں اعلیٰ سطح کے مزید دورے کیے جائیں گے تاکہ باہمی تعلقات میں نئی جہتیں پیدا کی جا سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آذربائیجان کی کامیابی مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان مل کر امن، ترقی اور سرمایہ کاری کے تعاون کے ذریعے خطے میں خوشحالی کو فروغ دیں گے۔
















