کچے میں ریاستی رِٹ مضبوط، ڈاکو خوف اور دباؤ میں ہیں: وزیر داخلہ سندھ

کراچی میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں ریاستی رِٹ مضبوط ہو چکی ہے اور جرائم پیشہ عناصر شدید دباؤ اور خوف کا شکار ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ کشمور میں 26 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں جبکہ سکھر میں گزشتہ روز مزید 12 ڈاکوؤں نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ کچے میں جاری آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علاقے میں امن کے مکمل قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
پولیس مقابلے میں 9 ڈاکو ہلاک، 2 ڈی ایس پیز سمیت 4 اہلکار زخمی
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ کچے میں آپریشن مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے امن کا راستہ دکھا دیا ہے، جو عناصر قانون کی پاسداری کریں گے ان کا خیرمقدم کیا جائے گا، جبکہ مزاحمت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکوؤں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور حکومت سندھ آخری ڈاکو کے خاتمے تک اپنے اہداف کا تعاقب جاری رکھے گی۔











