01:15 , 30 اگست 2025
Watch Live

ملک بھر میں 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور: پاکستان کا 78واں یومِ آزادی آج بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشنِ آزادی کا آغاز ہوگیا۔ شہروں، گلیوں اور بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ چراغاں، آتش بازی اور ریلیوں نے فضا کو جوش و خروش سے بھر دیا ہے۔

اسلام آباد میں جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور "معرکہ حق” کی فتح کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، پارلیمنٹ کے ارکان، غیر ملکی سفراء اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں پاک فوج، بحریہ، فضائیہ، رینجرز اور ایف سی کے چاق چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، جبکہ مسلح افواج کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔ وزیراعظم نے یادگارِ معرکہ حق کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔

کراچی میں مزارِ قائد اور لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ لاہور و کوئٹہ میں توپوں کی سلامی کے ساتھ دن کا آغاز ہوا۔

صدر مملکت آصف زرداری نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور جرات کی یاد دلاتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ بیرونی جارحیت کے جواب میں قوم نے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور قومی وحدت و قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION