ٹام کروز اور آنا دے آرمس کی شادی کے انوکھے منصوبے

ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار ٹام کروز اور کیوبن نژاد اداکارہ آنا دے آرمس اپنی شادی کو دنیا کی سب سے منفرد تقریب بنانے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دونوں اسٹارز چاہتے ہیں کہ ان کی شادی ایک یادگار تقریب ہو جس پر دنیا بھر میں برسوں بات کی جائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس غیر معمولی منصوبے میں خلا میں شادی کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، ٹام کروز کو اسپیس ٹریول سے خاص لگاؤ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ اور آنا دنیا کے پہلے جوڑے بنیں جو زمین سے باہر شادی کے بندھن میں بندھیں۔ اس کے علاوہ، اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضا میں عہد و پیماں کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ "ٹام اور آنا کے رشتے کی سب سے بڑی خوبی ان کا ایڈونچر پسند مزاج ہے، اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی بھی اسی انداز کی عکاسی کرے۔”
اگرچہ دونوں نے ابھی باضابطہ منگنی نہیں کی، مگر ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹام کروز چاہتے ہیں کہ یہ رشتہ ان کی زندگی کا سب سے پائیدار اور یادگار تعلق ثابت ہو۔
63 سالہ ٹام کروز اس سے قبل میمی راجرز، نکول کڈمین اور کیٹی ہومز سے شادی کر چکے ہیں۔ لیکن اس بار وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ دنیا کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل کرے۔
















