02:03 , 10 نومبر 2025
Watch Live

ایران میں بدترین خشک سالی، پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم

ایران میں بدترین خشک سالی نے صورتحال کو نہایت سنگین بنا دیا ہے۔ دارالحکومت تہران کے بعد اب ملک کے دوسرے بڑے شہر مشہد میں بھی پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ عوام کو روزمرہ استعمال کے لیے پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، اور انتظامیہ ہنگامی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق مشہد کے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ خطرناک حد تک کم ہوچکا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں پانی کا ذخیرہ 3 فیصد سے بھی نیچے جا چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے۔

مشہد میں پانی فراہم کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ اب شہر میں پانی کی تقسیم ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ ان کے مطابق اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو اگلے چند ہفتوں میں گھریلو اور تجارتی دونوں شعبوں پر سخت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ایرانی صدر کا امریکا کو دوٹوک پیغام: جوہری اور میزائل پروگرام کسی صورت ترک نہیں کریں گے

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حالیہ دنوں میں خبردار کیا تھا کہ اگر موسم میں بہتری نہ آئی تو تہران میں بھی پانی کی فراہمی محدود کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی جاری رہی تو دارالحکومت کو پانی سے مکمل طور پر محروم ہونے کا خطرہ ہے، جس سے عوامی زندگی مفلوج ہوسکتی ہے۔

حکومت نے ایران میں بدترین خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پانی اور توانائی کے وسائل کے بہتر انتظام پر زور دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف مشہد بلکہ دیگر شہروں میں بھی پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION