یوٹیوبر رجب بٹ نے اہلیہ ایمان کو طلاق دے دی

پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی اہلیہ کو طلاق کا نوٹس بھیج دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس خبر نے خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رجب بٹ اور ایمان کی شادی کے تقریباً 15 ماہ بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
رجب بٹ کی اہلیہ ایمان اسد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر طلاق نامے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
اپنی پوسٹ میں ایمان نے لکھا کہ وہ اس رشتے کو بچانے کے لیے طویل عرصے تک خاموش رہیں، تاہم ایک پوڈ کاسٹ میں ان پر لگائے گئے الزامات کے بعد انہیں وضاحت دینا ضروری محسوس ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ ان کا اور ان کے بچے کا کیا قصور تھا۔ ایمان اسد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کہنے کے لیے بہت کچھ ہے لیکن مقدس مہینے کے احترام میں وہ فی الحال خاموشی اختیار کریں گی۔
واضح رہے کہ شادی کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر دونوں کے تعلقات کے حوالے سے مختلف افواہیں اور قیاس آرائیاں گردش کرتی رہی تھیں جو اکثر ٹرینڈ میں بھی رہتی تھیں۔
چند روز قبل ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رجب بٹ نے بھی شادی ختم ہونے کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ایک سال کے رشتے پر اپنے والدین کو ترجیح دینے کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔











