10:49 , 8 نومبر 2025
Watch Live

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 10 کا تاج اپنے نام کر لیا

لاہور قلندرز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے سنسنی خیز فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں قلندرز نے 202 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔

کوسال پریرا نے 31 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سکندر رضا نے صرف 7 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان 59 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے لاہور کو مسلسل تیسری بار پی ایس ایل چیمپیئن بنا دیا۔

لاہور کی اننگز کا آغاز مشکلات کا شکار رہا، جب فخر زمان صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ نعیم نے 27 گیندوں پر 46 اور شفیق نے 28 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔

بعد ازاں بھانوکا راجاپکسا اور پریرا نے مل کر 30 رنز کی شراکت بنائی، تاہم راجاپکسا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر سکندر رضا میدان میں آئے اور پریرا کے ساتھ مل کر میچ کو اختتام تک پہنچایا۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 201 رنز بنائے۔ حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی، جو کہ اس ایڈیشن میں ان کی تیسری نصف سنچری تھی۔ اوپنر سعود شکیل اور فن ایلن جلد آؤٹ ہو گئے، لیکن حسن نواز اور ایوشکا فرنینڈو نے 67 رنز کی پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کو سنبھالا۔

شاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف اور سلمان مرزا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سکندر رضا اور رشاد حسین نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فہیم اشرف نے آخری اوورز میں 8 گیندوں پر 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، لیکن ٹیم کا مجموعی اسکور لاہور کے مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے سامنے ناکافی ثابت ہوا۔

میچ کی جھلکیاں:

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: 201/9 (حسن نواز 76، شاہین آفریدی 3 وکٹیں)

  • لاہور قلندرز: 202/4 (کوسال پریرا 62*، سکندر رضا 22*)

نتیجہ: لاہور قلندرز نے میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا
پلیئر آف دی میچ: کوسال پریرا

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION