02:58 , 8 نومبر 2025
Watch Live

پاکستان کبھی بھارت کے آگے نہیں جھکے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دو ٹوک پیغام

راولپنڈی: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نہ کبھی بھارت کے سامنے جھکی ہے اور نہ ہی جھکے گی، بھارت کی اجارہ داری کسی صورت قبول نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سول سروسز اکیڈمی کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے شریک افسران سے خطاب میں کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط ربط ضروری ہے، سول بیوروکریسی ریاستی ہم آہنگی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سے ساحل تک بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اللہ کی مدد ہمارے ساتھ تھی کیونکہ ہم حق پر تھے۔ افواج پاکستان ہر وقت جدید جنگی تقاضوں کے لیے تیار ہیں۔

آرمی چیف نے بھارت کو خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا دہشتگردی کا مسئلہ اس کے اپنے اندرونی مظالم، خصوصاً اقلیتوں کے خلاف رویے کا نتیجہ ہے۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں، مگر توقع کرتے ہیں کہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورکس کو پناہ نہ دی جائے۔

انہوں نے نوجوان افسران کو تلقین کی کہ وہ پاکستانیت کو اپنی شناخت بنائیں، تاریخ سے سبق سیکھیں، کردار، اہلیت اور حب الوطنی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

خطاب میں آرمی چیف نے بین الادارہ جاتی ہم آہنگی، قومی سلامتی کے چیلنجز، اور سول و عسکری قیادت کے مؤثر روابط کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں، شریک افسران نے پاک فوج کی مختلف فارمیشنز کے ساتھ فیلڈ تجربات حاصل کیے اور عسکری قیادت سے سوال و جواب کے سیشن میں حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION