وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پانچ ارکان اسمبلی اشتہاری قرار

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے دو دیگر صوبائی وزرا کے بھی اشتہارات جاری کر دیے۔ یہ فیصلہ سی ٹی ڈی اسلام آباد کے دو مقدمات میں کیا گیا۔
عدالت نے صوبائی وزرا مینا خان، شفیع جان، امجد علی اور اقبال آفریدی کو بھی اشتہاری قرار دیا۔ تمام ملزمان کو اشتہارات کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے 30 دن کے اندر پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی کی وارننگ دی۔
یہ مقدمات 26 نومبر 2024 کے احتجاج سے متعلق ہیں۔ احتجاج کے بعد تھانہ رمنا میں وزیراعلیٰ اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان مسلسل پیشی سے گریز کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے تقریباً 80 فیصد اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی پر اسلام آباد میں مقدمات درج ہیں۔ 70 ایم پی ایز اسلام آباد پولیس کو مطلوب ہیں۔ یہ مقدمات 18 مختلف تھانوں میں 2022 سے نومبر 2024 تک درج ہوئے۔
اسلام آباد پولیس نے مقدمات کی مکمل تفصیلات جمع کر لی ہیں۔ ان میں دہشتگردی اور پولیس و رینجرز اہلکاروں پر حملوں جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف 52 ایف آئی آرز درج ہیں۔ پولیس کے مطابق بیشتر اراکین نے ابھی تک ضمانت بھی حاصل نہیں کی۔











