پاک سرزمین کے بہادر سپوت لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 1971 کی جنگ میں شجاعت کی نئی مثال قائم کی۔ پاک فوج میں شامل ہونا ان کا دیرینہ خواب اور زندگی کا مقصد تھا۔
لانس نائیک محمد محفوظ 25 اکتوبر 1943 کو ضلع راولپنڈی کے گاؤں پنڈ ملکاں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 8 مئی 1963 کو پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔
1971 کی جنگ میں وہ واہگہ-اٹاری سیکٹر میں دشمن کے خلاف صفِ اوّل میں موجود تھے۔ 17 دسمبر کی شب ہدف کی جانب پیش قدمی کے دوران انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہوا۔
ان کی لائٹ مشین گن تباہ ہوگئی، لیکن انہوں نے ایک شہید ساتھی کی مشین گن سنبھالی اور دشمن کو نشانہ بنایا۔ شدید زخموں کے باوجود وہ دشمن کے مورچے تک پہنچے اور بھارتی فوج کے مشین گنر کو ہلاک کر دیا۔
دیرینہ جرات اور قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کا سب سے بڑا عسکری اعزاز "نشانِ حیدر” سے نوازا گیا۔ بھارتی کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل پوری نے بھی ان کی بے مثال بہادری کا اعتراف کیا۔












