چینی قمری کیلنڈر میں سال 2026 گھوڑوں کا سال کیوں قرار دیا گیا؟

کراچی میں جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے نئے چینی سال 2026 کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی قمری کیلنڈر کے مطابق یہ گھوڑے کا سال ہے جو آزادی، جذبے اور لامحدود توانائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
چینی سالِ نو کی مناسبت سے کراچی میں قائم چینی قونصلیٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ تقریب نئے سال کے استقبال کے ساتھ ساتھ پاک چین دوستی کی تجدید کا بھی موقع ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی ثقافت میں گھوڑا عزم، آزادی اور ترقی کی علامت ہے، جبکہ گھوڑے کا سال نئی توانائی، بلند حوصلے اور کامیابیوں کی امید لے کر آتا ہے۔
یانگ یونڈونگ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چین اور پاکستان کے تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے، خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں عملی تعاون کے کئی اہم منصوبے آگے بڑھے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں ایک آئینے کی حیثیت رکھتا ہے جو دوطرفہ تعلقات کی مثبت تصویر پیش کرتا ہے۔
قونصل جنرل نے اپنی گفتگو میں چین کی معاشی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات، کھلے پن، سبز معیشت اور جدید صنعتی ترقی پر توجہ جاری رہے گی اور 2026 چین کے نئے اقتصادی منصوبے کے آغاز کے ساتھ مزید ترقی کا سال ثابت ہوگا۔















