حافظ نعیم الرحمان کا مہنگائی کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 271 روپے فی لیٹر بنتی ہے، لیکن 117 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز کی وجہ سے عوام کو 401 روپے فی لیٹر ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے سوال اٹھایا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں قیمتیں کیوں نہیں بڑھیں، کیا عالمی جنگ کے اثرات صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟
انہوں نے بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے نرخوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فکس چارجز نے عوام پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے، جبکہ گزشتہ تین سال میں 19 کھرب روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کیے گئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے صرف 15 آئی پی پیز سے معاہدے کیے ہیں جبکہ باقی کے معاہدے ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کیا جائے گا اور ہڑتال سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور ہیں۔












