ایران جنگ: امریکا کے 25 ارب ڈالر اخراجات، 13 فوجی ہلاک

ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے امریکا کے مالی اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن سے اس تنازع کے بڑھتے ہوئے بوجھ کا اندازہ ہوتا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ایک اعلیٰ مالیاتی افسر نے آرمڈ سروسز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک اس جنگ پر تقریباً 25 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔ اس رقم کا بڑا حصہ ہتھیاروں پر جبکہ باقی مینٹیننس اور آلات کی تبدیلی پر خرچ ہوا۔
حکام کے مطابق یہ اخراجات اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ امریکی حکومت نے سال 2027 کے لیے 1500 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی درخواست کر رکھی ہے، جو ایک بڑا اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اس بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد دفاعی صنعتی نظام کو جنگی بنیادوں پر استوار کرنا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
دوسری جانب جنگ کے انسانی نقصانات بھی سامنے آ رہے ہیں، کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک اس تنازع میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جو اس جنگ کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔












