کراچی میں سستی بجلی کا منصوبہ، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدفی سبسڈی کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے تاکہ کم آمدن والے افراد کو ریلیف دیا جا سکے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کے بجلی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی شعبے کے لیے سستی بجلی کی فراہمی سے متعلق قابل عمل تجاویز تیار کرنے پر بھی زور دیا، جس سے شہریوں اور صنعتوں دونوں کو فائدہ ہوگا۔
مراد علی شاہ نے پسماندہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ عوامی مشکلات بڑھ جاتی ہیں، اس لیے خاص طور پر غریب علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے۔












