حج 2026 کے خواہشمند افراد کے لیے اہم طبی ہدایات جاری

سعودی عرب کی وزارتِ صحت اور پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے حج کے خواہشمند افراد کے لیے اہم طبی ہدایات جاری کرتے ہوئے ان بیماریوں کی فہرست دی ہے جن کی موجودگی میں حج اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق حج ایک جسمانی طور پر مشکل عبادت ہے، اس لیے عازمین کا مکمل صحت مند ہونا ضروری ہے تاکہ وہ مناسک آسانی سے ادا کر سکیں اور کسی خطرے سے محفوظ رہیں۔
ان بیماریوں میں گردوں کا فیل ہونا (ڈائیلاسز کے مریض)، دل کی خرابی، جگر کا سروسس، شدید دماغی امراض، ڈیمنشیا، زیادہ عمر سے متعلق پیچیدگیاں اور حمل کے آخری تین ماہ شامل ہیں۔
وزارت صحت نے عازمین کے لیے کچھ ویکسین لازمی قرار دی ہیں، جن میں گردن توڑ بخار (میننجائٹس) کی ویکسین سرفہرست ہے، جو حج پر جانے سے پہلے لگوانا ضروری ہے۔
مزید برآں، 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور حاملہ خواتین کو کووڈ-19 بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سیزنل فلو ویکسین بھی تجویز کی گئی ہے تاکہ عازمین کو محفوظ اور پرسکون حج کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔










