کراچی کے علاقے خدا داد کالونی قبرستان کے قریب پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 کلو سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزمہ نرگس عرف ملکہ کو گرفتار کیا گیا، جو شہر کے پوش علاقوں میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں سرگرم تھی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ اکیلی نہیں بلکہ ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ تھی، جس میں اس کے مزید ساتھی بھی شامل ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی Karachi میں گارڈن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران خاتون منشیات فروش انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ پنکی کے قبضے سے اسلحہ، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکل مواد اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں، جبکہ وہ متعدد مقدمات میں مطلوب اور شہر میں منشیات کے نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔