بنگلہ دیش کا بھارت کے ساتھ دفاعی معاہدہ منسوخ

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے نتیجے میں بنگلہ دیش نے بھارتی کمپنی کے ساتھ 21 ملین ڈالر مالیت کا ایک اہم دفاعی معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایک جدید سمندری ٹگ (Tug Boat) کی تعمیر شامل تھی، جو تجارتی بحری جہازوں کو کھینچنے اور ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ معاہدہ کولکتہ میں قائم ایک بھارتی جہاز سازی کمپنی کے ساتھ تھا، جو بھارتی وزارت دفاع کے تحت کام کرتی ہے۔ منسوخی کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی سفارتی تناؤ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل بھارت نے بنگلہ دیشی مصنوعات کی درآمدات پر پابندی عائد کی تھی، جبکہ بنگلہ دیشی کارگو کو تیسرے ممالک میں برآمد کرنے کے لیے فراہم کی جانے والی ٹرانس شپمنٹ سہولت بھی ختم کر دی گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے معاہدے کی منسوخی کو بھارت کے ان اقدامات کا ردِعمل سمجھا جا رہا ہے۔


















