12:37 , 13 جولائی 2025
Watch Live

سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کا اعتراف، ملزم عمر حیات عدالت میں پیش

سترہ سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل میں گرفتار نوجوان عمر حیات نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے اقرار کیا کہ اس نے یہ قدم غصے اور انتقامی جذبات کے تحت اٹھایا، کیونکہ ثنا نے اس سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔

عدالتی کارروائی کے دوران، 22 سالہ عمر حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ سعد نذیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 164 کے تحت اعترافی بیان ریکارڈ کروایا۔ بیان میں عمر نے کہا کہ وہ ثنا سے ملاقات کا خواہش مند تھا، لیکن اس کے بار بار انکار نے اسے مشتعل کر دیا۔

عمر حیات کے مطابق، وہ ایک بار ثنا کے گھر بھی گیا اور سارا دن انتظار کرتا رہا، مگر ثنا نے نہ صرف ملنے سے انکار کیا بلکہ تحفہ بھی واپس کر دیا۔ بعد ازاں، 2 جون کو ثنا نے مبینہ طور پر اسے دوبارہ بلایا، لیکن ملاقات ممکن نہ ہو سکی، جس پر وہ شدید غصے میں آ گیا۔ اسی دن وہ ثنا کے گھر داخل ہوا اور طیش میں آ کر اسے گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق، ثنا کو دو گولیاں سینے میں لگیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ تفتیشی حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION