ویب ڈیسک
|
1 سال پہلے
یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

یورپی یونین نے پاکستان میں ہنر مندی کے فروغ کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ہنر مند کارکنوں کو یورپی منڈیوں میں مواقع فراہم کرنا ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے نائب سربراہ فلپ اولیور گراس نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں ہنر مند کارکنوں کی کمی ہے اور اس کو پورا کرنے کیلئے یورپی یونین پاکستانی کارکنوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے ایک پروگرام متعارف کر رہی ہے۔
انہوں نے منظم نقل مکانی کو فروغ دینے کیلئے یورپی یونین کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب ہنر مند افراد کو بیرون ملک کام ملتا ہے تو اس سے نہ صرف ان کی زندگی بہتر ہوتی ہے بلکہ میزبان ممالک کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
گراس نے کہا کہ بہت سے پاکستانی تارکین وطن مطلوبہ مہارت کی سطح پر پورا نہیں اترتے۔ انہوں نے یورپی یونین کے ٹیلنٹ پارٹنرشپ پروگرام پر بھی روشنی ڈالی، جس کا مقصد پاکستان کی افرادی قوت کو یورپی مارکیٹ کی ضروریات کیلئے تیار کرنا ہے۔
اس اقدام کی حمایت کیلئے یورپی یونین نے 2021 سے 2027 تک پیشہ ورانہ تربیت، مائیگریشن گورننس، اور دوبارہ انضمام کی کوششوں کیلئے 20 ملین یورو مختص کیے ہیں۔













