چینی حکومت کی دعوت پر صدر زرداری کا 10 روزہ دورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری 12 ستمبر کو چین کے 10 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ چینی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور وہ 21 ستمبر تک چین میں قیام کریں گے۔ اس دوران صدر زرداری چین کے مختلف شہروں چنگدو، شنگھائی اور سنکیانگ کے خودمختار علاقے کا دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران صدر مملکت چین کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاک چین دوستی، تجارتی روابط اور تعاون پر بات چیت ہوگی۔ خاص طور پر سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری)، اقتصادی ترقی اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس اہم دورے میں دونوں ممالک کثیرالجہتی عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے امور پر بھی گفتگو کریں گے۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا جائے گا کہ عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے گہرے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی "ہر موسم کی اسٹریٹیجک شراکت داری” کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم بھی دہرایا جائے گا۔
















