روس یوکرین جنگ ختم کرواؤں گا، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: 19 اگست 2025 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات مکمل کی۔ اجلاس کے دوران ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو فون کیا جو چالیس منٹ تک جاری رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے ٹرمپ کو بتایا کہ وہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں صدور کی ملاقات اگست کے آخر تک متوقع ہے۔ اس پیش رفت پر محتاط امید ظاہر کی جارہی ہے۔
ٹرمپ نے شرکاء کو کہا کہ وہ روس یوکرین جنگ رکوانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور یوکرین کو امن کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعاون ہی واحد راستہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پیوٹن نے یوکرین کی سیکیورٹی ضمانت اصولی طور پر قبول کرلی۔ ٹرمپ نے کہا کہ سب کا مقصد جنگ کا فوری خاتمہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فوری جنگ بندی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ دیرپا امن قائم ہوسکے۔
ٹرمپ نے یہ بھی یاد دلایا کہ وہ اب تک چھ جنگیں ختم کروا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین میں امن لانا آسان نہیں ہوگا لیکن پیوٹن اور زیلنسکی دونوں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے سہ فریقی اجلاس کی امید بھی ظاہر کی۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور سہ ملکی مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔ تاہم روس نے یوکرین کے لیے نیٹو طرز کی سیکیورٹی گارنٹی کو مسترد کردیا اور واضح کیا کہ وہ یوکرین میں نیٹو افواج کی تعیناتی قبول نہیں کرے گا۔
















