مقبوضہ کشمیر میں پی آئی اے کے لوگو والا غبارہ، بھارتی فورسز ہائی الرٹ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے لوگو والا غبارہ دکھائی دینے پر بھارتی حکام میں کھلبلی مچ گئی۔ فورسز نے فوری طور پر علاقے کو ہائی الرٹ کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ غبارہ نیو بستی کے علاقے میں فضاء میں نظر آیا۔ غبارہ دیکھتے ہی بھارتی فوجی بڑی تعداد میں علاقے میں پہنچ گئے اور علاقے کا محاصرہ کر لیا۔
اس اچانک ردعمل سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی۔ مقامی شہریوں نے فوجیوں کی بڑی تعداد کو متحرک دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک بے ضرر کھلونے کی وجہ سے ہوا۔
کشمیری عوام نے اس واقعے پر طنز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "بچوں کا ایک کھلونا پوری فوج کو الرٹ کر گیا۔” شہریوں نے کہا کہ یہ بھارتی فوج کی غیر محفوظ سوچ اور خوفزدگی کا ثبوت ہے۔
مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ جدید اسلحے سے لیس فوج اگر ایک غبارے سے گھبرا جائے تو یہ اس کی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔ عوام نے اس صورتحال کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ رواں سال مارچ میں بھی سامبا کے علاقے سے پی آئی اے کے لوگو والا غبارہ برآمد ہوا تھا۔ اس وقت بھی بھارتی فوج نے غیر معمولی اور غیر منطقی ردعمل دیا تھا۔
















