بسنت کا اختتام، اب پتنگ اڑانے پر سخت اقدامات ہوں گے، عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے لاہور کے عوام، پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، “شکریہ لاہور، شکریہ پاکستان، شکریہ اوورسیز پاکستانیوں۔” ان کا کہنا تھا کہ شہریوں نے بسنت کے موقع پر بھرپور تعاون کیا اور زندگی کے رنگ انجوائے کیے۔
انہوں نے غیرملکی مہمانوں اور سفیروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ بسنت منانے پر لاہوریوں کو مبارکباد ملنی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بسنت کامیاب اور محفوظ ترین طریقے سے منائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور مشرق وسطیٰ سے بھی لوگ لاہور بسنت منانے آئے۔ شہریوں نے حکومتی ایس او پیز اور ہدایات پر ذمہ داری سے عمل کیا۔
انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس، ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے محنت سے ڈیوٹیاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور شہریوں کی محنت نے بسنت کو شاندار بنایا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پاکستانیوں نے نفرت، انتشار اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ترقی، خوشحالی اور امن کو ووٹ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو کمزور کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔












